بدایوں، 11 فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایس پی صدر وزیراعلیٰ اکھلیش یادوکے نعرے ’’کام بولتا ہے‘‘ پر طنز کستے ہوئے کہا کہ کرپشن اورجرائم کو فروغ دینے والے اکھلیش کاکام نہیں بلکہ کارنامہ بولتاہے۔مودی نے یہاں منعقدہ انتخابی ریلی میں کہا کہ اکھلیش جی کہتے ہیں کہ کام بولتا ہے، یوپی کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ آپ کا کام نہیں، آپ کاکارنامہ بولتاہے، ملازمتوں میں بھرتی میں بدعنوانی اور اس پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا بھی اچھا کارنامہ تھا۔ اتر پردیش میں عوام کے سوالوں کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔ عوام ووٹنگ مشین میں آپ کو جواب دے گی۔انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ ایک ٹی وی شو میں اکھلیش جی نے لوگوں سے سوال پوچھا کہ کیا’’اچھے دن‘‘ آ گئے ہیں، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ اتر پردیش میں پانچ سال سے راج کر رہے ہو، پہلے تم بتاؤ کہ تم نے اچھے دن لانے کے لئے کیا کیا۔ اس ریاست کی بدحالی کیلئے ایس پی اور بی ایس پی ذمہ دار ہیں، ان سے حساب مانگنے کا وقت آ گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اکھلیش پانچ سال پہلے گاؤں گاؤں جا کر یہ بتاتے تھے کہ مایاوتی حکومت بدعنوان تھی اور سماج وادی پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد وہ بدعنوان لوگوں کو جیل بھیج دیں گے لیکن حکومت بننے پر انہوں نے ایسا نہیں کیا،اس کے برعکس کرپشن کے سنگین الزامات سے گھرے جو افسر مایاوتی کے سب سے زیادہ قریب تھے،انہیں اس سے بھی بڑے عہدوں پر بٹھا کر اس سے بھی زیادہ بدعنوانی کرنے کے دروازے کھول دئے۔انہوں نے کہاکہ مایاوتی اور ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو کبھی ایک دوسرے کے حق میں نہیں بولتے، لیکن جب میں نے کالے دھن اور بدعنوانی کے خلاف نوٹ بندی کا قدم اٹھایا، تو ان سب کی زمین کھسک گئی اور وہ متحد ہوکر مودی کی مخالفت کرنے لگے۔